ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسرائیل نے محصورین غزہ کی بجلی کم کردی

اسرائیل نے محصورین غزہ کی بجلی کم کردی

Wed, 21 Jun 2017 12:44:32    S.O. News Service

غزہ،20؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کو فراہم کی جانے والی بجلی کی مقدار کم کردی ہے۔ اسرائیلی الیکٹرک سپلائی کمپنی اور غزہ میں پاور اتھارٹی نے تل ابیب حکومت کے اس اقدام کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ آج سے غزہ کو فراہم کی جانے والی بجلی میں 8میگاواٹ کمی کی ہے۔فلسطینی پاور اتھارٹی نے غزہ کی پٹی میں بجلی کی فراہمی میں کمی کے اسرائیلی فیصلے پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے سے توانائی کے بحران کے شکار علاقے کو بجلی کی سپلائی روکنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

ادھر فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کی بجلی کم کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک اقدام قرار دیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے بجلی کی کمی کے منفی نتائج کی ذمہ داری اسرائیل اور اس کا سبب بننے والے دوسرے عناصر پر عاید کی ہے۔ادھر اسرائیلی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے بعد اس نے غزہ کو بجلی کی سپلائی کم کردی ہے۔

گذشتہ ہفتے اسرائیلی حکومت نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کو یومیہ تین سے چار گھنٹے کے بجائے صرف 45منٹ بجلی فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کو بجلی سپلائی کے لیے بنائی گئی 10میں سے دو لائنوں میں بجلی کی مقدار کم کرے گی، تاہم منصوبے کے مطابق اگلے مراحل میں ان دس لائنوں سے بھی بجلی کی مقدار بہ تدریج کم کی جائے گی۔خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کا بحران نیا نہیں تاہم اس کے کئی ایک اسباب ہیں۔ مقامی سطح پر بجلی کی پیداوار کی صلاحیت کا فقدان بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ غزہ میں واحد بجلی گھر کو اسرائیل سابقہ جنگ میں بمباری کرکے تباہ کرچکا ہے۔


Share: